تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان، ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارش متوقع
پیر ودھائی سے ملحقہ صفدر آباد گلی محلہراں، فوجی کالونی میں گھروں میں پانی بھر گیا، عثمان کالونی میں کاریاں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا نالہ لئی راجا بازار میں ڈوب گیا
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، راولپنڈی میں بادل کھل کر برسے جس کے باعث لئی نالہ بپھر گیا اور اس کا خطرے کا نشان 19 فٹ عبور کر گیا، بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں اور سڑکوں پر جمع ہو گیا، شدید بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے، پیر ودھائی سے ملحقہ صفدر آباد گلی محلہ راں، فوجی کالونی میں لوگوں کے گھروں میں پانی گھس گیا، عثمان کالونی میں کاریں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا نالہ لئی راجا بازار میں ڈوب گیا، نالہ لئی کے قریب واقع کچی آبادی میں پانی بھرنے سے مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، شہر کے کئی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، ایکسپریس وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ڈسٹرکٹ میٹروپولیس میں مزید بارشیں متوقع ہیں، اس دوران نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

